نئی دہلی10دسمبر(آئی این ایس انڈیا) ملک کی دس بڑی مرکزی مزدور تنظیموں نے 12 دسمبر اور 14 دسمبر کو کسانوں کی تنظیموں کے احتجاج کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنٹر آف انڈین ٹریڈ یونینز (سی آئی ٹی یو) کے جنرل سکریٹری تپن سین نے بتایا کہ ملک کی 10 بڑی سنٹرل ٹریڈ یونینوں کے لیڈران اور ملازمین 12 اور 14 دسمبر کو تمام کسان تنظیموں کے احتجاجی پروگرام میں شریک ہوں گے اور ملک میں ان کی حمایت کریں گے۔ وہ ریاست میں سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران ہندوستانی حکومت اور کسان تنظیموں کے درمیان بات چیت کے 6 دورہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود اہم امور پر دونوں فریقوں کے درمیان تعطل رہا ہے۔ درمیانی راستہ باہر نکلتا دکھائی نہیں دیتا۔ اب حکومت کے سامنے اگلا چیلنج 12 اور 14 دسمبر کو کسان تنظیموں اور ٹریڈ یونینوں کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے ہوگا۔
کسانوں نے مرکزی حکومت کی پیش کردہ تجویزکومستردکرتے ہوئے اپنی تحریک تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔کسانوں نے واضح انداز میں کہا ہے کہ جب تک تینوں بل واپس نہیں لئے جاتے وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ادھر وزیر زراعت نریندر تومر نے کسان تنظیموں سے ایک بار پھر حکومت کی تحریری تجویز پر غور کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر زراعت نے کہاہے کہ میں کسان تنظیموں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ حکومت کی طرف سے دی گئی تحریری تجویز پر غور کریں اور جب بھی اس تجویز پر بات کرنے کو کہاجائے توحکومت مذاکرات کے لیے تیارہوجائے گی۔